نیویارک(این این آئی)خواتین کے حقوق کی تنظیم لین اِن نے کہاہے کہ می ٹو مہم کے بعد امریکا میں مردوں نے ہم پیشہ خواتین کے ساتھ وقت گزارنے سے گریز کرنا شروع کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سروے کرنے والی تنظیم سروے منکی کے نتائج میں کہاگیاکہ دو تہائی مرد براہ راست
کسی خاتون کے ساتھ کام کرنے کو پریشان کن سمجھتے ہیں۔نتائج سے ثابت ہوا کہ خواتین پیشہ ورانہ تعلقات کھو رہی ہیں، جس سے ان کی ترقی نہیں ہوپاتی۔لین اِن کی صدر ریچل تھامس کا کہنا تھا کہ زیادہ تر مرد یہ نہیں جانتے کہ دوری اختیار کرنے سے خواتین کے لیے مواقع میں کمی آرہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈیٹا بتاتا ہے کہ ہم غلط سمت میں جارہے ہیں، وہ بھی ایسے وقت میں جب خواتین کے لیے برابری کے حقوق حاصل کرنا انتہائی حساس معاملہ بن چکا ہے۔واضح رہے کہ می ٹو مہم میں خواتین نے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کیے جانے کی کہانیاں شیئر کی تھیں جس کے نتیجے میں چند اعلیٰ شخصیات کی نوکری چلی گئی تھی اور برابر تنخواہوں، نمائندگی وغیرہ کی بحث سامنے آئی تھی۔5 ہزار بالغ امریکی افراد سے کیے گئے اس سروے میں 36 فیصد افراد نے کہا کہ وہ خواتین سے ملنے جلنے سے گریز کرتے ہیں کہ پتہ نہیں وہ اسے کیا سمجھ لیں۔نتائج کے مطابق سینئر افراد اپنی جونیئر ہم پیشہ خواتین کے ساتھ وقت گزارنے سے زیادہ گریز کرتے ہیں۔