دبئی (اے این این ) دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے احاطے میں ایک چھوٹا نجی مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حدود میں ایک چھوٹا مسافر بردار طیارہ ڈائمنڈ 43 جو ہنی ویل نامی کمپنی کی ملکت تھا، تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا۔دبئی میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق
حادثے میں طیارے کا پائلٹ اور اس کا معاون ہلاک ہوئے جبکہ حادثے کے وقت طیارے میں 4 افراد سوار تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حادثے کے بعد کچھ دیر کیلئے دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی تاہم اب فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔دبئی میڈیا آفس نے بتایا کہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے پیش آیا جس کے بعد فلائٹ آپریشن ساڑھے 8 بجے تک متاثر رہا۔