بیروت(این این آئی)شام میں صدربشارالاسد کے وفادار ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ اسدی فوج نے شمال مغربی شہر حماۃ میں اپوزیشن کے ساتھ گھمسان کی جنگ کے بعد تزویراتی اہمیت کے حامل اہم گائوں اور ٹیلے پر قبضہ کرلیا ہے۔ یہ پیش رفت آٹھ ماہ کے بعد
شامی اپوزیشن اور حکومتی فورسز کے درمیان ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں سامنے آئی ہے۔اسد رجیم کے میڈیا وار مرکز طرف سے جاری ایک بیان میںکہا ہے کہ سرکاری فوج نے البانی گائوں اور عثمان ٹیلے پر قبضہ کرلیا ہے۔ یہ علاقے حماۃ کے شمال میں تزویراتی اور دفاعی اعتبار سے اہمیت کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔دمشق حکومت اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے حماۃ میں اپوزیشن کے آخری گڑھ میں آٹھ ماہ میں یہ سب سے بڑی کارروائی ہے۔ 30 اپریل کے بعد سے جاری لڑائی میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سرکاری فوج حما اور اس کے مضافات میں کوئی بڑا فوجی آپریشن شروع کرسکتی ہے۔شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم آبزر ویٹری کے مطابق البانی اور اس کے اطراف میں ہونے والی لڑائی میں سوموار کو 20 افراد ہلاک ہوگئے۔اپوزیشن کے نمائندہ جیش العزہ نے شمال مغربی شام میں کارروائی میں سرکاری فوج کا ٹینک تباہ کرنے اور اس میں موجود تمام فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔