ادلب (این این آئی) شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم سیرین آبزر ویٹری کے مطابق ادلب گورنری میں روسی فوج نے ہسپتال پر بمباری کی جس کے نتیجے میں اسپتال کو غیر معمولی نقصان پہنچا ہے اور اسپتال میں مریضوں کو طبی سروسز کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ روسی فوج کی طرف سے ادلب میں مختلف مقامات پر کیے گئے حملوں میں کم سے کم 7 شہری بھی مارے گئے۔خبر رساں اداروں کے مطابق ادلب میں روسی فوج کی بمباری میں چند مہینوں میں تباہ ہونے والا
یہ چوتھا اسپتال ہے۔ روسی فوج شمال مشرقی شام کے علاقے ادلب اور اس کے اطراف میں وقفے وقفے سے بم باری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔تباہ ہونے والا اسپتال ادلب کے جنوب میں حاص قصبے کے قریب واقع ہے۔ اس پر روسی فوج کی طرف سے جنگی طیاروں کی مدد سے بمباری کی گئی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں آبزر ویٹری اور سیرین ریلیف وترقی تنظیم کیمطابق اسپتال پر بمباری روسی طیاروں کی طرف سے کی گئی۔ بمباری کے نتیجے میں اسپتال کو غیر معمولی نقصان پہنچا ہے۔