ماسکو ( رائٹرز، اے ایف پی) روس میں ایک مسافر طیارے میں دوران پرواز آگ بھڑک اٹھی جس پر پائلٹ نے ماسکوکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی،اس واقعہ میں 41 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔ روسی میڈیا کے مطابق طیارے نے ماسکو کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مرمانسک شہر کیلئے اڑان بھری تو کچھ دیر بعد ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی، جس پر پائلٹ نے بروقت ایکشن لیتے
ہوئے طیارے کو واپس ماسکو کی جانب موڑ لیا،مسافروں کو ایمرجنسی دروازوں سے باہر نکالا گیا۔ ایئرپورٹ پر وقتی طور پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔ ہلاک ہونیوالوں میں عملے کی ایک خاتون رکن بھی شامل ہے جو مسافروں کو باہر نکلنے میں مدد دے رہی تھی۔جہاز پر 78 مسافر سوار تھے ۔لینڈنگ کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ جہاز میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔