کولمبو( آن لائن )سری لنکن حکومت نے کہاہے کہ بم دھماکوں کے حوالے سے ہونے والی ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایسٹر بم دھماکے نیوزی لینڈ میں ہونے والے کرائسٹ چرچ حملے کی جوابی کارروائی ہے۔سری لنکن وزیر کی طرف سے کہا گیاکہ نیشنل توحید جماعت سمیت 2 اسلامی جماعتیں حملے میں ملوث ہیں۔سری لنکا میں دو روز قبل ہونے والے بم دھماکوں کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 310 ہوگئی ہے۔ 500 سے زائد افراد زخمی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی نے سری لنکن پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکوں کے سلسلے میں گرفتار افراد کی تعداد 40 ہوگئی ہے۔ سری لنکن حکومت نے مقامی انتہا پسند گروپ پر حملوں کا الزام لگایا ہے۔سری لنکا میں اتوار کے روز چرچ میں جاری ایسٹر تقریبات پر اور ہوٹلز میں 8 دھماکے ہوئے تھے۔ دھماکوں کے بعد ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ ہے۔سری لنکا میں آج یوم سوگ منایا جارہا ہے۔ادھرانٹرپول نے بھی اپنے تفتیشی ماہرین بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔