ابوظہبی(این این آئی)متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں عبوری کونسل کے سربراہ جنرل عوض بن عوف کی سبکدوشی کے بعد لیفٹیننٹ جنرل عبدالفتاح البرھان عبدالرحمان کو کونسل کا نیا چیئرمین مقررکیے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق متحدہ عرب امارات کی طرف سے
جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ابو ظبی برادر ملک سوڈان کے امن استحکام اور خوش حالی کا خواہاں ہے۔ امید ہے کہ سوڈان میں آنے والی سیاسی تبدیلی عوام کی امنگوں کی ترجمان ثابت ہوگی۔متحدہ عرب امارات کے صدر کی طرف سے سوڈان کی عسکری کونسل کے ساتھ رابطے قائم رکھنے اور سوڈانی عوام کی امداد پر غورکی ہدایت کی ہے۔متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ و عالمی تعاون کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امارات سوڈان میں آنے والی تبدیلی پر گہرین نظر رکھے ہوئے ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سوڈان تاریخ کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ توقع ہے کہ سوڈانی قوم اور مسلح افواج ملک کو درپیش چیلنجز سے کامیابی سمیٹتے ہوئے ملک کو امن، ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہم کنارکریں گے۔متحدہ عرب امارات نے سوڈان کی عسکری کونسل کی طرف سیاٹھائے گئے اقدامات کا خیرمقدم کیا اور ساتھ سوڈان کی سیاسی قوتوں اور مسلح افواج پر زور دیاکہ وہ باہمی مشاورت سے ملک کانظم ونسق چلائیں تاکہ ملک کو خون خرابے سے بچایا جا سکے۔