صنعاء(این این آئی)یمن کی آئینی حکومت نے ایران نواز حوثی باغیوں کی جعلی دستاویزات کے تحت 8 تیل بردار جہاز یمن لانے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمنی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے مغربی بندرگاہ الحدیدہ کے راستے تیل سے لدے 8 بحری جہاز جعلی دستاویزات کے تحت یمن لانے کی کوشش کی گئی تھی۔
مگر سیکیورٹی فورسز نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔یمنی حکومت کے زیرانتظام سپریم اقتصادی کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ حوثی باغی جعلی دستاویزات کے ذریعے بحری جہاز یمن میں داخل کرنے کی ناکام کوشش کرتے رہے ہیں۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران حوثی باغی حکومت کی اجازت کے بغیر جعلی کاغذات کے بحری جہا الحدیدہ میں لانے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ سرکاری فوج نے کارروائی کرکے حوثیوں کے لیے کام کرنے والے بحری جہازوں کے عملے کو حراست میں لیا اور حوثیوں کو تیل کی سپلائی ناکام بنائی۔کمیٹی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت کی طرف سے نقل وحمل کااجازت نامہ حاصل کرنے اور حکومتی وضع کردہ آرڈر 75 کے میکیزم پر عمل درآمد کے بغیر حوثیوں کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات ملک میں داخل کرنے کی غیرقانونی کوشش کی گئی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت کی اجازت سے 5 بحری جہازوں پر لادے 89 ہزار ٹن تیل کو ملک میں لانے کی اجازت دی گئی۔ اس کے علاوہ دو بحری جہازوں پر 40 ہزار ٹن ڈیزل اور 10 ہزار ٹن پٹرول لایا گیا۔