سنگاپور سٹی (این این آئی )سنگاپور میں جعلی خبروں کے خلاف مجوزہ قوانین میں حکومت نے حکام کو اجازت دے دی ہے کہ وہ ایسے مواد کو ہٹانے کے حکم جاری کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری جرمانہ بھی عائد کر سکتے ہیں۔ تاہم مبصرین نے اس اقدام کو اظہارِ رائے کی آزادی پر حملہ قرار دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سنگاپور کی حکومت نے ایک بل پیش کیا جس میں جعلی خبروں کے خلاف سخت اقدامات کا ذکر تھا۔ بل میں وزرا
کو اختیار دیا گیا کہ وہ سماجی روابط کی ویب سائٹس جیسے فیس بک کو حکام کی جانب سے جعلی اور غلط سمجھے جانے والی خبروں کے ساتھ انتباہ جاری کرنے کا حکم دیں اور کچھ معاملات میں ان کو ہٹانے کا بھی کہہ سکتے ہیں۔ اگر کوئی عمل سنگاپور کے لیے خطرناک سمجھا گیا تو متعلقہ کمپنی کو 740,000 امریکی ڈالر تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے، جبکہ ایسا قدم اٹھانے والے فرد کو 10 سال کی قید ہو سکتی ہے۔