صنعاء(این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی حمایت میں کام کرنے والی عرب اتحادی فوج نے صنعاء میں شہری آبادی پر بمباری کی افواہوں کوبے بنیاد قرار دیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ دارالحکومت صنعاء میں شہری آبادی پر بمباری کی ذمہ دار حوثی ملیشیا ہے۔ ان کا کہنا تھا اتحادی فوج صنعاء سے باہر فوجی کارروائیاں کرتی رہی ہے اور اس کا ہدف دارالحکومت
سے باہر نھم کا محاذ ہے۔عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ اتحادی فوج کے طیاروں نے مشرقی صنعاء میں شہری آبادی سے دور ملٹری پولیس کے مراکز پر بمباری کی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے ملٹری پولیس سینٹر کو اسلحہ کے گودام اور اپنے جنگجوؤں کی جنگی تربیت کا مرکز بنا رکھا تھا۔قبل ازیں عرب اتحادی فوج نے حوثیوں کی اسلحہ کی ورکشاپ اور ڈرون طیاروں کے ایک گودام کو بھی بمباری سے نشانہ بنا کر تباہ کیا تھا۔