نئی دہلی(این این آئی)بھارتی سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے کی کرپشن اور نااہلی پر بات کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔اسی سلسلے میں انتخابی مہم میں پاکستانی بریانی کی انٹری سے ماحول دلچسپ دکھائی دے رہا ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق انتخابی مہم کے دوران پاکستانی بریانی کا ذکر کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی بہن پریانکا گاندھی نے چھیڑا۔ریاست اترپردیش کی کانگریس کی سیکریٹری جنرل پریانکا گاندھی ایودھیا میں انتخابی ریلی میں شرکت کرنے پہنچیں، جہاں انہوں نے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔پریانکا گاندھی
نے جہاں بی جے پی پر تیر برسائے وہیں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں پاکستان جانے کے طعنے دیے۔ریلی کے دوران انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک انہوں نے انتخابات لڑنے کا فیصلہ نہیں کیا اگر انہیں پارٹی میدان میں اتارے گی تو وہ ضرور انتخابات لڑیں گی۔ریلی کے دوران پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں پریانکا گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی بریانی کھانے پاکستان گئے تھے۔کانگریس کی رہنما کا کہنا تھا کہ نریندر مودی 2015 میں بریانی کھانے لاہور گئے تھے۔