بغداد ،(اے این این)عراق میں دریائے دجلہ میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں جاں بحق افراد کی تعداد 120 سے تجاوز کر گئی، 55 کو بچا لیا گیا۔عراقی حکام کے مطابق کشتی اوور لوڈنگ کے باعث ڈوبی، کشتی میں 50 افراد کی گنجائش تھی مگر اس میں 200 افراد سوار تھے۔ واقعہ میں 120 افراد جاں بحق ہوگئے تاہم ریسکیو ٹیموں نے 55 افراد کو زندہ بچالیا۔ جبکہ لاپتہ افراد کے بارے میں حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ وہ بھی ہلاک ہو چکے ہیں تاہم تلاش آپریشن جاری ہے ۔واضح رہے کہ حادثہ عراق کے
شمالی شہر موصل کے قریب دریائے دجلہ پر واقع تفریح گاہ میں پیش آیا، جہاں کشتی پر گنجائش سے زیادہ افراد سوار کیے گئے تھے۔ کشتی پر خواتین اور بچوں سمیت سو سے زائد افراد سوار تھے۔امدادی ٹیموں نے دریا سے 50لاشیں نکال لی ہیں جبکہ درجنوں افراد پانی کے ریلے میں بہہ گئے۔35 سے زائد افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لئے ہیلی کاپٹر کی مدد لی گئی ہے۔عراقی وزیر اعظم عادل عبدالمہدی نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمے داروں کو سخت سے سخت سزا دینے کا حکم دے دیا۔