کرائسٹ چرچ(اے این این )نیوزی لینڈ کی پولیس نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر حملے برینٹن ٹیرنٹ نے اکیلے ہی کیے تھے۔ جمعے کے دن ہوئے ان حملوں میں ہلاک شدگان کی تعداد اب پچاس ہو گئی ہے۔ زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی پچاس ہی ہے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کمشنر مائیک بش نے بتایا کہ ابتدائی چھان بین سے واضح ہوا ہے کہ یہ ایک ہی حملہ آور کی کارروائی تھی تاہم دیگر امکانات کو رد نہیں کیا جا رہا۔ ادھر وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ ہلاک شدگان کی تدفین کی کے لیے حکومت امداد فراہم کرے گی اور لواحقین کو زرتلافی بھی ادا کیا جائے گا۔