کراکس (این این آئی)امریکی حکومت کی طرف سے وینزویلا میں انسانی بنیادوں پر کولمبیا کے راستے امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے تاہم فی الحال امدادی سامان وینز ویلا کی سرحد پر ہے اور اسے اندر لے جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔امریکا سے امدادی سامان ٹرکوں کے ذریعے کولمبیا سے
وینز ویلا کی سرحد کی طرف کل ہفتے کے روزبھیجا گیا۔ امریکا کی طرف سے وینزویلا کی سرحد پر ایک ایسے وقت میں امداد سامان روانہ کیا گیا ہے جب دوسری جانب وینز ویلا کے صدر نیکولس ماڈورو اور واشنگٹن کے درمیان سخت کشیدگی پائی جاتی ہے اور صدر ماڈورو نے امریکا کی طرف سے آنے والے امدادی سامان کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔ادھرکولمبیا کے حکام نے وینز ویلا کے اپوزیشن لیڈور خود ساختہ صدر وان گوائیڈو سے سرحد پر فوج بھجوانے اور امدادی سامان کو لے جانے پر زور دیا ہے۔ وان گوائیڈو کو بیشتر مغربی ملکوں نے وینزویلا کا صدر تسلیم کرلیا ہے۔کولمبیا کے صدر ایون ڈوکی نے ایک بیان میں کہا کہ اگر ماڈورو نے کسی قسم کا پرتشدد راستہ اختیار کیا تو وہ وان گوائیڈو کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ہفتے کے روز گوائیڈو نے کہا کہ تھا کہ امریکا کی طرف سے بھیجا گیا امدادی سامان راستے میں ہے۔ انہوں نے امریکا سے بھیجے گئے امدادی قافلے کو منزل تک پہنچانے کے لیے کارروائی کا بھی اشارہ دیا۔وان گوائیڈو کو اب تک 50 ملکوں کے نے وینز ویلا کا عبوری صدر تسلیم کرلیا ہے۔