میکسیکو سٹی(این این آئی)میکسیکو کی سابق خاتون اول انجلیکا ریویرا نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے شوہر اور سابق صدر انریکی بینیا نییٹو سے طلاق مانگ لی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انچاس سالہ ریویرا نے گذشتہ روز انسٹا گرام پر پوسٹ اپنے بیان میں لکھا کہ یہ خبر میرے اور میرے بچوں کے لیے باعث افسوس ہے کہ میں اب طلاق لے رہی ہوں۔ میں تمام طاقت، قوت اور محبت نیک ماں بننے پرمرکوز ہوگی۔ میں اپنی پیشہ وارانہ زندگی کی طرف لوٹنا چاہتی ہوں۔ خیال رہے کہ سابق صدر بینیا نییٹو چھ سال میکسیکو کے صدر رہے۔
ان کی مدت صدارت گذشتہ برس نومبر میں ختم ہوگئی تھی۔ بینیا نییٹو اور ریویرا سنہ 2010ء کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے۔ رویرا ٹیلی ویڑن چینل پر اینکر ہیں جب کہ شادی کے وقت ان کے شوہر ایک ریاست کے گورنر تھے۔ یہ دونوں کی دوسری شادی تھی۔ دونوں کی پہلی شادیوں سے بھی بچے ہیں۔گذشتہ چند برسوں کے دوران دونوں میں اختلافات کی خبریں آتی رہی ہیں۔ ان خبروں میں بعض اوقات طلاق کی افواہیں بھی گردش کرتی رہیں تاہم دونوں کے خاندانی ذرائع طلاق کی خبروں کی تردید کرتے رہے ہیں۔ دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے۔