برسلز(این این آئی)مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ وہ امریکا اور روس کے مابین آئی این ایف نامی جوہری معاہدے کو پوری طرح ناکام ہو جانے سے بچانا چاہتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ معاہدہ درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے جوہری میزائلوں سے متعلق ہے، جو 1987میں سرد جنگ کے دور میں طے پایا تھا۔
امریکا اعلان کر چکا ہے کہ وہ اس سمجھوتے سے اگلے چھ ماہ کے دوران نکل جائے گا۔ اس اعلان کے بعد روس بھی اپنے طور پر اس معاہدے کو معطل کر چکا ہے۔ دونوں ممالک ایک دوسرے پر اس ٹریٹی کی خلاف ورزیوں کے الزامات لگاتے ہیں۔ ژینس اسٹولٹن برگ کے بقول وہ دیگر جوہری طاقتوں کو بھی اس معاہدے میں شامل کرنے کی کوششیں کرتے ہوئے اس ٹریٹی کو بچانا چاہتے ہیں۔