صنعاء(این این آئی )یمن کے مقامی ذرائع نے خبر دی ہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے صنعا میں نوجوان لڑکیوں کے اغوا کا سلسلہ جاری ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق حوثیوں نے حالیہ چند ایام کے دوران کئی نوجوان لڑکیوں کو اغوا کرنے کے بعد انہیں خفیہ حراستی مراکز میں ڈال دیا ہے۔ خواتین کے اغوا کے جرم میں حوثی ملیشیا کی وفادار زینبیات نامی ایک ملیشیا کا ہاتھ ہے، جو حوثیوں کے لیے خواتین کے اغوا کی آیک آلہ کار کے طور پر سرگرم ہے۔یمن میں اغوا کی گئی ایک لڑکی کے بھائی نے بتایا کہ اس کی
ہمشیرہ کو دیگر خواتین کے ساتھ بیٹھنے کے الزام میں اغوا کیا گیا۔ اس کے اغوا میں ‘الزینبیات’ ملیشیا ملوث ہے۔ ایک دوسری خاتون کو گھر کے قریب دکان سے خریداری کرتے ہوئے اغوا کر لیا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک خاتون کے اغوا کے بعد چار دن تک اس کا کوئی پتا نہ چلا۔ کافی کوشش کے بعد معلوم ہوا کہ وہ حوثیوں کے ایک خفیہ حراستی مرکز میں پابند سلاسل ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک لڑکی کے اغوا کے بعد حوثی باغیوں کی طرف سے ان کے ہاشمی خاندان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔