صنعاء(این این آئی)یمن میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی طرف سے ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے ڈپٹی آرمی چیف اسپتال میں دم توڑ گئے ۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن کے ڈپٹی آرمی چیف جنرل صالح الزندانی کو حوثیوں نے جنوبی یمن کے العند فوجی اڈے پر جنوری کے اوائل میں ایک ڈرون کی مدد سے نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے تھے۔یمن کے عسکری ذرائع کے مطابق
جنرل الزندانی العند فوجی اڈے پرحوثیوں کے حملے میں مارے جانے والے دوسرے سینئر فوجی افسر ہیں۔قبل ازیں یمنی وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے جنرل الزندانی کی موت کی تصدیق کی اور کہا کہ جنرل صالح الزندانی دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد ایک ماہ بعد قافلہ شہداء میں شامل ہوگئے ۔ وزیر اطلاعات نے فوت ہونے والے جنرل کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔