خرطوم(این این آئی)افریقی ملک سوڈان کے مرکزی اپوزیشن لیڈر صادق المہدی نے صدر عمر البشیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوامی بے چینی کے تناظر میں منصب صدارت سے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سوڈان میں گزشتہ برس انیس دسمبر سے شدید مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ خرطوم حکومت کے مطابق اب تک ان مظاہروں میں
سکیورٹی فورسز کی کارروائی سے تیس افراد کی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اپوزیشن اور انسانی حقوق کے لیے سرگرم تنظیموں کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد چالیس سے زائد ہے۔ اپوزیشن لیڈر صادق المہدی تقریباً ایک سال خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزارنے کے بعد گزشتہ ماہ واپس وطن پہنچ گئے، عمر البشیر کے خلاف تحریک میں سوڈانی ڈاکٹروں کی تنظیم ایس پی اے بھی پیش پیش ہے۔