صنعاء (این این آئی)یمن میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے والی ایک تنظیم نے انکشاف کیا ہے کہ حوثیوں کے فوجی عہدیدار خواتین، بچیوں کے اغواء کے ساتھ شہریوں کی جاسوسی اور فون کال ٹیپنگ جیسے اوچھے ہتھکنڈوں میں ملوث ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن میں انسانی تجارت کی روک تھام کے لیے سرگرم تنظیم کی طرف سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ تنظیم کو سلطان زابن نامی حوثی رہنما سے متعلق اہم معلومات ملی ہیں۔ موصوف نے جاسوسی
کا ایک نیٹ ورک تشکیل دے رکھا ہے جس کے وہ شہریوں کی فون کالز ریکارڈ کر کے شہریوں کی نجی زندگی میں مداخلت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیم نے خواتین کے اغواء اور شہریوں کی جاسوسی کو انسانی حقوق کی سنگین پامالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ باغی حوثی رہنما بین الاقوامی قوانین کی بری طرح پامالی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ شہریوں کی جاسوسی، ان کے نجی امور میں مداخلت اور شہریوں کی فون کالیں ریکارڈ کرنا بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔