واشنگٹن(آئی این پی)متحدہ امریکہ میں بریٹ میک گرک کے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف جنگی امور کے ذمہ دار خصوصی نمائندے کے عہدے کو ، تا حال امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے شام جیمز جیفری کو متعین کر دیا گیا ہے۔ہفتہ کو بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی دفترِ خارجہ کے ترجمان رابرٹ پالا ڈینو نے ایک تحریری بیان میں کہا ہے کہ جیمز جعفری اب کے بعد مذکورہ
فرائض کو بھی سر انجام دیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف عالمی اتحاد کے باہمی تعلقات اور داعش کو دائمی طور پر شکست دینے سمیت امریکہ کے شام اور عراق میں مشنز میں جیفری معاونت فراہم کریں گے اور شام سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے معاملے میں متعلقہ فریقین کے درمیان کوآرڈینیشن کے فرائض سنبھالیں گے۔یاد رہے کہ میک گرک امریکی انتظامیہ کے 19 دسمبر کو شام سے انخلا کرنے کے فیصلے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔