تل ابیب (این این آئی)اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں تعمیراتی منصوبوں کے تحت 2200 مکانات کی تعمیر کی منظوری دیدی۔اسرائیلی اخبارات کے مطابق اسرائیل کی سپریم تعمیراتی کونسل نے منگل کے روز ایک
بند کمرہ اجلاس کے دوران 744 مکانات کی فوری تعمیر شروع کرنے کی اجازت دی۔منصوبے کے تحت شمال مشرقی رام اللہ کی عوفرا اورحلمیش شمال مغربی الخلیل کی ادورا، جنوبی الخلیل کی تینی شمالی القدس کی معالی مشماش، شمال مغرب القدس کی گیوات زییو مغربی بیت لحم کی نیفی ڈانیل، شمالی الخلیل کی کارمی زور،جنوبی الخلیل کی بیت حاگایی اور شمالی القدس کی شیلوح،یہودی کالونیوں میں تعمیر کیے جائیں گے۔اخباری رپورٹ کے مطابق 23 تعمیراتی منصوبوں میں 16 منصوبے دیوار فاصل کی مشرقی جانب غرب اردن میں تعمیر کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاروں کے لیے نئے مکانات کی تعمیر کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ دوسری جانب وزیراعظم نیتن یاھو نے پارلیمنٹ تحلیل کرکے آئندہ سال نو اپریل کو پارلیمانی انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔مبصرین نے غرب اردن میں ہزاروں مکانات کی تعمیر کے اعلان کو موجودہ حکومت کی سیاسی رشوت کے مترادف قرار دیا ہے۔