انقرہ(انٹرنیشنل ڈیسک )ترکی کی ایک عدالت نے امریکی پادری کو دہشت گردی کے الزام پر سزا سناتے ہوئے کہاہے کہ وہ دو برس زیر حراست رہ چکے ہیں، مزید وقت قید نہیں رہیں گے اور ملک سے باہر جا سکتے ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق عدالت کے فیصلے کے بعد انڈریو برنسن خصوصی طیارے پر جرمنی روانہ ہوگئے ہیں جہاں سے وہ امریکا جائیں گے۔ دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی پادری کا شاندار استقبال
کرنے کا اعلان کیا ہے۔اینڈریو برنسن کی گرفتاری ترکی اور امریکا کے درمیان سفارتی تعطل کا سبب بنی رہی ہے۔ عدالتی فیصلے سے پادری کی امریکہ واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔اْن کی رہائی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ بہت جلد برنسن امریکہ لوٹ آئیں گے۔ایک اور خبر کے مطابق تنازع کا باعث بننے والے ایونجلیکل مسیحی پادری ترکی میں اپنے گھر پہنچ چکے ہیں، جس سے پہلے عدالت نے فیصلہ سنایا تھا کہ وہ آزاد ہیں۔ یہ اقدام دونوں اتحادیوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کا اہم موجب بن سکتا ہے۔