واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا کی ایک اہم عسکری شخصیت نے روس کی جانب سے شام میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایس 300 میزائل سسٹم کی تنصیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ یہ ایک غیر ضروری جارحیت اور شام میں روسی فوجی طیارے کے مار گرائے جانے پر ایک غیر متاثر جواب ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق مشرق وسطی میں امریکی افواج کے نگراں جنرل جوزف ووٹیل امریکی وزارت دفاع
(پینٹاگون) میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو کی جانب سے مذکورہ اقدام کا مقصد یہ نظر آ رہا ہے کہ شام میں ایرانی ملیشیاؤں اور بشار کی فوج کی وحشیانہ سرگرمیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد کی جائے۔امریکی جنرل کے مطابق شام میں ایران کی سرگرمیوں کے حوالے سے خطّے کے ممالک کی تشویش جواز رکھتی ہے۔ جنرل ووٹیل کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وہ مہلک صلاحیت شام منتقل کر رہے ہیں جو خطّے میں پڑوسی ممالک کے لیے خطرہ ہے۔