کابل(این این آئی) معروف مذہبی رہنماء مولانا طارق جمیل سے افغان کرکٹرزکی ملاقات پرافغانستان میں کئی افرادنے ہنگامہ برپا کردیا ،میڈیارپورٹس کے مطابق یو ٹیوب چینل پر تین اکتوبر کو ایک چھ منٹ کی ویڈیو جاری ہوئی جس میں افغان کرکٹ ٹیم کے بعض کھلاڑی ان سے ملاقات کے لیے آتے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں مولانا طارق جمیل افغان کرکٹروں کو نماز کی پابندی اور کثرت توبہ کی تلقین کرتے دکھائی دیتے ہیں۔جونہی یہ تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر آئیں تو
افغانستان میں کئی لوگوں نے اس ملاقات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے افغان کرکٹ بورڈ کے حکام سے اس ملاقات کے بارے میں کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کرنے کی درخواست کی۔افغان کرکٹ بورڈ یا ان کھلاڑیوں کی جانب سے ابھی تک اس ملاقات کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ایک سوشل میڈیا صارف حیات اللہ مومند نے الزام عائد کیا کہ اس طرح کے مولویوں کو افغانستان کے کسی بھی فرد سے ملنے نہیں دینا چاہیے کیوں کہ یہی وہ مولوی ہیں جو افغانستان میں بے گناہ شہریوں کے قتل کو جائز سمجھتے ہیں۔