جکارتہ(انٹرنیشنل ڈیسک)ملائیشیا کے گوردوارے میں ایک مسلمان کی نماز پڑھتے ہوئے ویڈیو بنائی گئی جو سوشل میڈیا کی زینت بننے کے بعد وائرل ہو گئی ۔مقبول فیس بک کے صفحے ’سکھ ان سائڈ‘ پر سکھ دنیا بھر کے گوردواروں میں ہونے والی سرگرمیوں کی تصویریں اور ویڈیوز شیئر کرتے ہیں ، اسی پیج پر یہ ویڈیو شیئر کی گئی جو مسلمانوں کی حمایت میں نظرآتی ہے اس تصویر سے اس بات کی عکاسی ہوتی ہے کہ مذہب جو بھی ہو سب کا خدا ایک ہی ہے۔یہ ویڈیوآن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے
ہزاروں دلوں کو جیتنے میں کامیاب ہوئی۔اس ویڈیو سے ثابت ہوا کہ دنیا میں مذہبی ہم آہنگی ابھی بھی موجود ہے۔ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ملائیشیا کے مقامی گوردوارے میں موجود یہ مسلمان نماز ادا کرنے کے بعد فوراً چلا جاتا ہے جبکہ وہاں موجود سکھوں کو اس شخص کے نماز پڑھنے پر کوئی اعتراض نہیں ہوا تاہم اس دوران وہ گوردبانی کا پاٹھ کرتے رہے۔ایک سکھ نے اس پوسٹ کے بارے میں لکھا کہ شاید اس شخص کو قریب میں کوئی مسجد نہیں ملی اسی لئے وہ نماز کی ادائیگی کے لئے یہاں چلاآیا تھا۔