صنعاء (این این آئی)یمن کے جنوبی شہر عدن کے وسطی علاقے خور مکسر میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک انٹیلی جنس افسر کرنل ناصرمقریح الجعدنی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ہے ۔وہ عدن کے ہوائی اڈے پر تعینات تھے اور خور مکسر میں واقع باجنید مسجد کے بالکل سامنے ان پر حملہ کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق عدن ائیرپورٹ پر تعینات ایک سکیورٹی ذریعے نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ کرنل ناصر الجعدنی کی نعش کو عدن کے ری پبلکن اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔اس انٹیلی جنس افسر کے قتل سے قبل عدن میں متعدد
سکیورٹی افسروں ، اہلکاروں اور ائمہ مساجد کو اسی طرح پْراسرار حالات میں قتل کیا جاچکا ہے اور سکیورٹی ادارے ان پر فائرنگ کرنے والے مسلح افراد کا سراغ لگانے میں ناکام رہے ہیں ۔ مسلح افراد سکیورٹی اہلکارو ں پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیا ب ہوجاتے ہیں۔واضح رہے کہ یمنی صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت عدن ہی سے امورِ مملکت چلا رہی ہے اور اس نے اس شہر کو عارضی دارالحکومت قرار دے رکھا ہے جبکہ یمن کے اصل دارالحکومت صنعاء پر حوثی شیعہ باغیوں کا ستمبر 2014ء سے قبضہ چلا آرہا ہے۔