دبئی (انٹرنیشنل ڈیسک)چار عرب ممالک کی طرف سے خلیجی ریاست قطر کے سیاسی، سفارتی اور اقتصادی بائیکاٹ کے نتیجے میں قطرمیں غیرملکی مسافروں کی آمد میں غیر معمولی کمی دیکھی گئی تاہم حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مال بردار جہازوں کی آمد میں 7.6 فی صد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کرنے والے قطر کے بائیکاٹ کے بعد دوحہ کے حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ویرانیوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ رواں سال کی پہلی ششماہی میں کے دوران دنیا بھر سے مسافروں کی
بہت کم تعداد نے قطر کا رخ کیا ۔رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مسافروں کی تعداد میں گذشتہ برس کی نسبت 13 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی۔ گذشتہ برس 1کروڑ 90 لاکھ افراد نے دوحہ کے حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے کو سفر کے لیے استعمال کیاجب کہ رواں سال یہ تعداد 1 کروڑ 65 لاکھ رہ گئی ۔تاہم دوسری جانب حمد بین الاقوامی ہوائی اڈے پر مال بردار جہازوں کی آمد میں 7.6 فی صد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مال بردار جہازوں کی آمد میں اضافہ سعودی عرب اور دوسرے عرب ملکوں کے ساتھ زمین راستوں کی بندش کا نتیجہ بھی ہوسکتا ہے۔