ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں بین الاقوامی اور غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس کی حامل خواتین کو ان کے مملکت میں داخلے کی تاریخ سے ایک سال تک کاریں چلانے کی اجازت دے دی جائے گی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے محکمہ ٹریفک کے باخبر ذرائع نے بتائی ۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کے تسلیم شدہ بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنسوں کو سعودی ڈرائیونگ لائسنسوں سے تبدیل کردیا جائے گا ۔
اور مملکت کے تمام علاقوں میں محکمہ ٹریفک کے متعلقہ دفاتر میں یہ کام کیا جائے گا۔ان ذرائع کے مطابق محکمہ ٹریفک میں ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے تین مراحل ہوں گے۔ پہلے نمبر پر رجسٹریشن ہوگی ،پھر درکار کاغذات جمع کرائے جائیں گے اور تیسرے نمبر پر ملاقات کا وقت لیا جائے گا۔اس کے بعد درخواست گزار خاتون محکمہ ٹریفک کے متعلقہ دفاتر میں کاغذات کی تصدیق کے لیے جائے گی اور وہاں اس سے کار چلانے کا ٹیسٹ لیا جائے گا۔اس کی ڈرائیونگ کی مہارت کی جانچ کے بعد اس کو لائسنس جاری کردیا جائیگا۔محکمہ ٹریفک نے غیرملکی ڈرائیونگ لائسنس کی حامل خواتین سے درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کردیا ہے اور یہ توقع کی جاتی ہے کہ کسی خاتون کو پہلا ڈرائیونگ لائسنس ساحلی شہر جدہ میں جاری کیا جائے گا۔