برلن(این این آئی)جرمنی کی حکومت نے کہا ہے کہ وہ ایران کی خفیہ جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے اسرائیل کے الزامات کا سنجیدگی سے جائزہ لے گی۔عرب ٹی وی کے مطابق جرمن حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ جرمنی اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کی طرف سے ایران کی خفیہ جوہری سرگرمیوں کے حوالے سے عاید کردہ الزامات اور اس حوالے سے دی جانے والی
معلومات کا جائزہ لے گا۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری جوہری معاہدہ برقرار رہنا چاہیے اور عالمی معائنہ کاروں کو ایران کی تمام جوہری تنصیبات کے معائنہ کی آزادانہ اجازت ملنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری ایران کی جوہری سرگرمیوں کو شبے کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ ایران کو عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پائے معاہدے کو اس کی روح کے مطابق نافذ کرنا ہوگا۔