نیویارک (آئی این پی ) چین نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے سلامتی کونسل کی حمایت کریں گے، تنازعات سے متاثرہ ممالک کی خواہشات اور قیادت کا احترام کیا جانا چاہیئے ، امن مشن کی تکمیل کے بعد امن کے تسلسل کو برقرار رکھنے والے اقدامات کو جاری رکھا جائے۔ چائنہ ریڈیو انٹرنیشنل کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پائیدار امن کے قیام کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اقوام متحدہ میں تعینات چین کے سفیر ما چھاو شو نے اجلاس میں کہا کہ چین پایئدار امن کے قیام میں سلامتی کونسل کے کردار کی حمایت کرے گا اور عالمی امن و سیکورٹی کے تحفظ میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی حساس مسائل کے سیاسی حل کو فروغ دیا جانا چاہیئے۔سلامتی کونسل اور عالمی برداری کو متعلقہ ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتے ہوئے امن عمل کو فروغ دینا چاہیئے۔اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کو قیام امن سے وابستہ امور پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے اور تنازعات سے متاثرہ ممالک کی خواہشات اور قیادت کا احترام کیا جانا چاہیئے ۔ ما چھاو شو نے کہا کہ امن مشن کے متوقع اہداف کی تکمیل کے بعد فوری طو ر پر امن کے تسلسل کو برقرار رکھنے والے اقدامات کو جاری رکھا جائے تاکہ متعلقہ ممالک دوبارہ تصادم کا شکار نہ ہوں۔