واشنگٹن (این این آئی)امریکا اور فرانس نے ایران کے ساتھ نئے جوہری معاہدے پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں کے درمیان وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ایران جوہری معاہدے سمیت اہم عالمی امور پر گفتگو ہوئی۔مشترکہ پریس کانفرنس میں امریکی صدر نے کہا کہ مضبوط بنیادوں کے ساتھ نئے ایرانی معاہدے پر کام کرنا چاہتے ہیں۔
جبکہ فرانسیسی صدر نے کہا کہ وہ ایرانی معاہد ختم نہیں کرنا چاہتے لیکن اس میں مزید نکات شامل کئے جانے کے حق میں ہیں۔امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ مشرق وسطیٰ کے مسائل میں ایران کا ہاتھ نظر آتا ہے،اسے دہشت گردوں کی مدد بند کرنا ہو گی، تہران کو جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ شام میں لوگوں کے خلاف کیمیائی حملہ ناقابل قبول ہے، شمالی کوریا پر دباؤ جاری رکھیں گے د ہشت گرد حملوں کے خلاف فرانس سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، اپنے لوگوں کے تحفظ کیلئے جو ممکن ہو سکا کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ امریکی افواج کو شام سے نکالنا چاہتے ہیں ،عراق اور شام سے داعش کا خاتمہ کیا ہے ، خطے میں ایران کو کھلی چھوٹ نہیں دے سکتے۔فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ایران پر کھل کر بات ہوئی ہے، نئے ایران جوہری معاہدے پر امریکا فرانس مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف جوہری پروگرام مسئلہ نہیں ایران کا بیلسٹک میزائل پروگرام بھی بہت بڑا مسئلہ ہے۔