واشنگٹن(این این آئی)وائٹ ہاؤس نے اچانک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا لاطینی امریکا کا پہلا دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا ۔ امریکی صدر اسی ہفتے اس دورے پر روانہ ہونے والے تھے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہاکہ صدر ٹرمپ شام کے بارے میں امریکی ردعمل اور فیصلے کی نگرانی چاہتے ہیں ۔اس لیے وہ ملک ہی میں قیام کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارہ سینڈرس کے اعلان کے مطابق اب صدر ٹرمپ کی جگہ نائب صدر مائیک پینس پیرو جائیں گے جہاں وہ دارالحکومت لیما میں امریکی سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔انھوں نے کہا کہ صدر پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق لیما میں ہونے والی آٹھویں امریکی سربراہ کانفرنس میں شرکت کریں گے اور نہ وہ بوگوٹا ، کولمبیا جائیں گے۔وہ شام کے بارے میں امریکی ردعمل اور دنیا بھر میں ہونے والی تازہ پیش رفت کی نگرانی کے لیے ملک ہی میں رہیں گے۔انھوں نے مزید بتایا ہے کہ نائب صدر مائیک پینس صدر کے دورے کے شیڈول کے مطابق کولمبیا بھی جائیں گے۔