اسلام آباد (آئی این پی) پاک چین اقتصادی راہداری کے سلسلے میں 5اپریل کو چین کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ رہا ہے‘ وفد کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہائوس میں خصوصی تقریب ہوگی‘ وفد پارلیمنٹ کی تمام اہم جماعتوں کے قائدین سے ملے گا۔ ذرائع کے مطابق پانچ اپریل کو پارلیمنٹ ہائوس میں چینی وفد کے خیر مقدم کے لئے پروگرام کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ چینی وفد پارلیمنٹ ہائوس میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی اور ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور
حیدری کے ہمراہ ’’دیوار جمہوریت‘‘ کا دورہ کریگا اور پاکستان میں جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے والوں کی یاد میں دیوار جمہوریت پر پھول چڑھائے گا۔ وفد گلی دستور کا بھی دورہ کریگا۔ چینی وفد کی اہم سرگرمی سینٹ میں پارلیمانی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات ہے۔ چیئرمین سینٹ کی قیادت میں پارلیمانی قائدین اور چینی وفد کے درمیان اہم اجلاس ہوگا چینی وفد پاک چین اقتصادی راہداری کی تمام تر تفصیلات سے سینٹ کی پارلیمانی جماعتوں کو آگاہ کریگا۔