نئی دہلی (آئی این پی )جنگی جنون میں مبتلابھارت میں ناقص اور غیر معیاری کھانا کھا کر 400فوجی ہسپتال پہنچ گئے‘109کی حالت تشویشناک ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کیرالہ میں واقع پالی پورام کیمپ میں فوجی جوانوں نے کھانے میں مچھلی کا سالن کھا یا جو کہ غیر معیاری تھا ،ناقص کھانا کھا کر جوانوں کی حالت بگڑنا شروع ہو گئی جس پر وقفے وقفے سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔دیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں جوانوں کی حالت بگڑ گئی
جس پر انہیں مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بھارتی جوانوں کو غیر معیاری کھانا کھانے سے ڈائیریا کی شکایت ہوئی اور انہیں قے بھی آرہی تھی۔ابتدائی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ جوانوں نے مچھلی کا سالن کھا یا تھا جس کے باعث ان کی حالت بگڑی۔واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھارتی فوج کے جوان تیج بہادر نے سوشل میڈ یا پر ویڈ یو پیغام جاری کیا تھا جس میں اس نے افسران کے ناروا سلوک اور غیر معیاری کھانے کی شکایت کی تھی ۔