اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مصر میں شفیق استاد کی وفات کے بعد سکول کے طلبا کا انوکھا خراج عقیدت، دیکھنے والی ہر آنکھ اشکبار، استاد کی تکریم کی عظیم مثال قائم کر دی۔عرب ٹی وی کے مطابق الشرقیہ گورنری کے شباری المیمونہ سکول کے طلبا نے اپنے
استاد عبداللطیف ہاشم کو ان کی وفات کے بعد شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تکریم میں ایک کلومیٹر طویل قطار بنا ئی۔ عبداللطیف ہاشم کو ان کی وفات کے بعد جب تدفین کیلئے لے جایا جا رہا تھا تو سکول کے طلبا نے اپنے شفیق استاد کے آخری سفر کے دوران سڑک کے دونوں کناروں پر کھڑا ہو کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ طلبا کی اپنے استاد کی تکریم میں اس شاندار عقیدت کو دیکھ کر جنازے میں شامل افراد اور راہگیر آبدیدہ ہو گئے اور طلبا اور سکول انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا۔ طلبا کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ان کے استاد نے ہمیشہ ان پر دست شفقت رکھا اور ااپنی محبت، عطا اور علم سکھانے میں ذرا برابر بھی کوئی فرق نہیں برتا اس لئے ہم نے اپنے شفیق اور قابل احترام استاد کو دنیا سے رخصت ہوتے وقت ان کے آخری سفر کے دوران خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایسا طریقہ استعمال کیا۔ہم نے اپنے شفیق اور قابل احترام استاد کو دنیا سے رخصت ہوتے وقت ان کے آخری سفر کے دوران خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایسا طریقہ استعمال کیا۔