ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں ایک اندرونی پرواز کے دوران طیارہ جب ایک گہرے بادل کے اندر داخل ہوا تو اسی زور دار جھٹکے لگے جس پر طیارے میں موجود مسافروں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔ پرواز میں موجود ایک سعودی مسافر نے اس لمحے طیارے کے اندر کی صورت حال کو اپنے موبائل کیمرے کے ذریعے ریکارڈ کر لیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق
اس طرح کی صورت حال ہوا کی طاقت اور بادل کے اندر موجود انتہائی کثافت کے سبب پیدا ہوتی ہے۔الباحہ شہر سے جدّہ جانے والی پرواز کی وڈیو میں نظر آ رہا ہے کہ طیارہ گہرے بادل کے قلب میں داخل ہوا تو وہ زور دار انداز سے ہِلنے لگا جس پر مسافروں کی اکثریت نے بآواز بلند کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا جب کہ بعض خواتین اور بچوں کے خوف کے مارے چیخنے کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔یاد رہے کہ فضا میں اتنی بلندی پر موجود طاقت ور ہوا طیارے کو شدت کے ساتھ ہلا دیتی ہے تاہم ہواباز اس تشویش ناک مرحلے سے گزرنے کے لیے اپنے طور پر مطلوبہ اقدامات کر لیتا ہے جس میں طیارے کی بلندی کو تبدیل کرنا اہم ترین ہے تاکہ طیارہ معتدل ہوا اور کم گہرے بادلوں کی سطح پر پہنچ جائے۔