واشنگٹن( آن لائن )امریکی صدر ٹرمپ نے سی آئی اے کو ڈرون حملوں کے نئے خفیہ اختیارات دے دیئے ہیں۔ امریکی اخبار کا دعویٰ ہے کہ ایجنسی اب مشتبہ دہشت گردوں پر بھی ڈرون حملے کر سکے گی۔ اوباما دور میں ایسے حملوں کا اختیار صرف پینٹاگون کے پاس تھا۔اخبار نے امریکی عہدیدار کے حوالے سے
رپورٹ میں کہا ہے کہ ٹرمپ کی پالیسی سابق صدر اوباما کے برعکس ہے جس میں سی آئی اے کا عسکری کردار محدود کیا گیا تھا۔ایسے آپریشنز کا اختیار صرف پینٹاگون کو تھا۔امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کا اقدام سابق صدر براک اوباما کی انتظامیہ پالیسی سے انحراف ہے۔ سابق صدر جاسوس ادارے کے فوجی کردار کے خلاف تھے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے اس اقدام سے سی آئی اے اور محکمہ دفاع کے تعلقات کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے۔ تا ہم پنٹاگون، سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس نے اس خبر پر فی الحال کوئی ردِعمل یا باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے لیکن سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس نئے فیصلے کے ذریعے سابق امریکی صدر براک اوباما کے دورِ حکومت میں سی آئی اے کا کردار محدود رکھنے کی پالیسی میں نمایاں تبدیلی آگئی ہے۔