کابل(آئی این پی )افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ طالبا ن گروپ کے ساتھ امن ممکن ہے لیکن پہلے انکی محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ ضروری ہے ۔افغان میڈیا کے مطابق یہ بات عبداللہ عبداللہ نے یورپی پارلیمنٹ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔انکا کہنا تھاکہ حال ہی میں طالبان کے ساتھ افغان امن عمل اور مصالحتی کوششوں میں پیش رفت ہوئی ہے تاہم انکی محفوظ پناہ گاہوں اور تربیتی مراکز کا پہلے خاتمہ ضروری ہے ۔
افغان چیف ایگزیکٹو کاکہنا تھاکہ افغان نیشنل ڈیفنس اور سیکورٹی فورسز دہشتگرد گروپوں کے خلاف کامیابی کے ساتھ لڑ رہی ہیں تاہم انکا کہنا تھاکہ ملک سے باہر دہشتگرد گروپوں کی پناہ گاہیں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہیں۔عبداللہ عبداللہ نے حکومت کی جانب سے اہم شعبوں میں اصلاحات کے عمل کا بھی ذکر کیا اورکہاکہ انتخابات کے نظام میں ضروری اصلاحات لائی گئی ہیں اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔