کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) بحیرہ عرب میں جاری پاک بحریہ کی کثیرالقومی مشقوں ’امن-2017‘ کے دوران فوجی بینڈ کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف مہارتوں کی مشقوں کا کیا جانے والا شاندار مظاہرہ متاثر کن تھا۔انسداد دہشت گردی مشقوں کے دوران پاک بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورس اور شریک ممالک کی افواج نے دشمن پر قابو پانے کی طاقت اور مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ان مشقوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کا پتہ لگانے، باغیوں کی تخریب کاری کے منصوبوں کو ناکام بنانے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ امن و استحکام لانے جیسی مہارتوں کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔مشقوں کے دوران وسیع پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے ’ہوور کرافٹ‘ کے ذریعے تیز ترین فوجی چالوں سمیت کشتیوں اور واٹر اسکوٹرز کی تلاشی جبکہ انہیں پکڑنے کی مشقیں کی گئیں۔کشتیوں پر ہیلی کاپٹرز کے ذریعے حملے کرنے، نیوی کی اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز کی جانب سے پیرا جمپنگ، تیراک حملہ آوروں کے حملوں کا مقابلہ کرنے اور سمندری حملے میں فوجی تعاون کی مہارتوں کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔