واشنگٹن (آئی این پی)امریکہ نے کہا ہے کہ افغان سکیورٹی فورسز ابھی پورے ملک کا دفاع کرنے کی صلاحیت حاصل نہیں کر سکیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطا بق امریکہ کے افغانستان اسپیشل انسپکٹر دفتر نے افغانستان کی تعمیر نو کے لئے سال 2002 میں مختص کردہ 115 بلین ڈالر مالیت کے فنڈ کے استعمال سے متعلق” ہائی رسک لسٹ” کے عنوان سے رپورٹ شائع کی ہے۔رپورٹ میں افغان سکیورٹی فورسز کی نا کافی صلاحیت، ملک میں دھاندلیوں، لوٹ بازاریوں، منشیات کی اسمگلنگ اور اداراتی و اقتصادی انتظامیہ کی نااہلی جیسے مسائل کی طرف توجہ مبذول کروائی گئی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2016 کے مہینے اگست کے آخر تک ملک کا 63 فیصد افغان فوج کے زیر کنٹرول تھا جبکہ نومبر 2015 میں یہ شرح 72 فیصد تک تھی۔رپورٹ کے مطابق افغان فوج کی صلاحیت میں ایک مستحکم پیش رفت نہیں ہوئی اور تربیت کے دوران دہشت گرد تنظیم کے ساتھ جنگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان کی تلافی کے لئے مستقل بھرتی کی ضرورت موجود رہی ہے۔سال 2016 کے آغاز سے 19 اگست تک 5 ہزار 523 افغان فوجی دہشتگردی کے خلاف جدوجہد میں ہلاک اور 9 ہزار 665 فوجی زخمی ہوئے ۔