اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی حکومت کی جانب سے 500 اور ہزار کے کرنسی نوٹ بند کرکے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنے پر بنکوں میں عوام کی لائنیں لگ گئیں۔ تفصیل کے مطابق امریکی خبر رساں ادارے کی جاری کردہ ویڈیو کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ جن کی عمر 95 برس کے لگ بھگ ہے وہ بھی کرنسی نوٹوں کی ایک گڈی ہاتھ میں اٹھائے گاندھی نگر کے بنک کے باہر قطار میں لگ گئیں۔ جنہیں قطار میں کھڑا دیکھ کر لوگوں کا ہجوم ان کے گرد اکٹھا ہو گیا اور انہیں بیٹھنے کیلئے ویل چیئر پیش کی گئی۔ سوشل میڈیا اوریگر ذرائع ابلاغ پر وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ کے اس اقدام کو سراہا جا رہا ہے کہ وہ وزیر اعظم کی والدہ ہو کر بھی لائن میں لگ کر کرنسی نوٹ تبدیل کروا رہی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم مودی کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر عمل سب سے پہلے میں کروں گی۔