تہران(این این آئی)ایران میں سیاسی قیدیوں نے ملک میں انسانی حقوق سے متعلق امور کے لیے اقوام متحدہ کی نمائندہ عاصمہ جہانگیر کوایک خط ارسال کیا ہے۔ خط میں ایرانی قیدیوں نے باور کرایا ہے کہ انہیں کرج شہر کی بدنام زمانہ رجائی جیل میں دھیرے دھیرے قریب آتی موت کا سامنا ہے۔ کرج شہر ایرانی دارالحکومت تہران کے شمال مغرب میں واقع ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذکورہ خط میں جس کو ایرانی اپوزیشن کی ویب سائٹوں نے نشر کیا ہے ، قیدیوں نے کہا ہے کہ رجائی جیل کے حکام نے انہیں مختلف امراض کے خطرے میں ڈال دیا ہے۔اس سے قبل بعض کارکنان نے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر تصاویر جاری کر کے رجائی جیل میں شرم ناک صورت حال کا انکشاف کیا تھا۔قیدیوں کے خط میں ادویات کی قلت اور مریضوں کے علاج کے مقام پر گندگی کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ قیدیوں میں مختلف امراض میں مبتلا افراد شامل ہیں جن میں جگر اور ایڈز کے مریض بھی ہیں تاہم جیل کے ذمے داران ان کے علاج میں غفلت برت رہے ہیں۔قیدیوں کا کہنا تھا کہ انہیں مطلوبہ مقدار میں خوراک نہیں مل رہی ہے اور انہیں بھوکا رکھا جا رہا ہے۔ قیدیوں کے مطابق بعض قیدی حکام کے برے معاملے ، نظر اندازی اور صحت کے حوالے سے لاپروائی کے سبب فوت ہوچکے ہیں۔ ان میں محسن دیمی جی ، شاہ رخ زمانی ، علی رضا کرمی خیر آبادی ، منصور راد پور ، افشین اسانلو ، مہدی زالیہ شامل ہیں۔