اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارت میں نچلی ذات کے ہندوؤں نے انتہا پسندوں کے مظالم سے تنگ آکر مذہب تبدیل کرنا شروع کر دیا، گجرات میں سینکڑوں دلتوں نے بدھ مت قبول کر لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات میں انتہا پسندوں کے ظلم و ستم سے تنگ 200 سے زائد دلتوں نے بدھ مت قبول کر لیا۔ ضلع احمد آباد میں منعقدہ تقریب میں بدھ مت قبول کرنیوالے دلتوں نے ہندو انتہا پسندوں کیخلاف دل کی خوب بھڑاس نکالی۔ انھوں نے کہا کہ ہندو دھرم میں انھیں ہمیشہ نسلی تعصب اور نفرت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے بچوں کو تعلیم سے محروم رکھا گیا جبکہ سرکاری ملازمتوں کے دروازے بھی ان پر بند کر دئیے گئے۔ آئندہ چند روز میں مزید کئی سو دلتوں کی جانب سے ہندو دھرم چھوڑ کر بدھ مت قبول کرنے کا امکان ہے۔ بھارت میں انتہا پسند مودی سرکار کی آمد کے بعد سے مسلمانوں، سکھوں اورعیسائیوں سمیت سب اقلیتوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔