مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی) بلجیم کی نجی ائیرلائن ’برسلز فضائی سروس‘ نے مسافروں کے کھانے میں استعمال ہونیوالی اسرائیل کی متنازع مصنوعات کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔’برسلز ائیرلائن‘ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے اپنے تمام طیاروں میں سفر کرنے والے مسافروں میں فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں قائم اسرائیلی کارخانوں میں تیار ہونے والی فاسٹ فوڈ کی تقسیم پر پابندی عاید کر دی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی کارخانوں میں ’’حلاو‘‘ نامی ایک کھانا تیار کیا جاتاہے جسے مسافروں کو دینے پر پابندی عاید کی جاتی ہے۔ خوراک کی یہ مصنوعات مقبوضہ فلسطینی علاقے ’برکان‘ میں قائم ’’احفاہ‘‘ نامی کمپنی تیار کرتی ہے۔ شمالی غرب اردن کے علاقے میں قائم یہ کارخانہ متنازع قرار دیا گیا ہے۔بلجین ایئر لائن کی طرف سے اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کو فلسطینی حلقوں کی طرف سے خوش آئند قرار دیا گیا ہے جب کہ صہیونیوں نے اس پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیلیجین فضائی کمپنی کا فیصلہ اسرائیل کے بائیکاٹ کی عالمی تحریک کا حصہ ہے۔