نئی دہلی ( این این آئی )انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بغاوت کا مقدمہ درج ہونے پر بھارت میں اپنے دفاتر بند کر دئیے۔ کشمیر کے موضوع پر سیمینار کرنے پر مودی سرکار نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا تھا۔ گزشتہ دنوں بھارتی شہر میں بنگلور میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا تھاجس میں مبینہ طور پر بھارت مخالف نعرے لگے تھے۔ بھارتی حکمران جماعت کے انتہا پسندوں نے عالمی تنظیم پر پابندی کا مطالبہ کیا جس پر حکومت نے تنظیم کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرایا۔ مودی سرکار کے ہتھکنڈوں سے تنگ آ کر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت میں اپنے تمام دفاتر بند کرنے کا فیصلہ کیا۔