ممبئی (نیوز ڈیسک) داؤد ابراہیم کے بھانجے کی ممبئی میں شادی۔ زی نیوز کے مطابق داؤد ابراہیم کی چھوٹی بہن حسینہ پارکر کے ہاں ہونے والی شادی میں ممبئی پولیس چوکنا ہو گئی ہے۔ ممبئی بم دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ اور بھارت کا دشمن نمبر ایک داؤد ابراہیم اپنے بھانجے علی شاہ پارکر کی شادی میں شرکت کی خبریں گردش میں ہیں۔ علی شاہ پارکر کی شادی بدھ (آج) ہونا طے پائی ہے جس کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں۔ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے بھانجے کی شادی کا فنکشن ٹیولپ سٹار ہوٹل میں منعقد کیا جائے گاجس کے بینکوئٹ ہال میں ساڑھے آٹھ سو لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ داؤد ابراہیم کی بہن حسینہ شاہ پارکر جن کا انتقال ہو چکا ہے ان کے چھوٹے صاحبزادے علی شاہ پارکر کی شادی کے فنکشن میں یہ توقع کی جا رہی ہے کہ انڈر ورلڈ کی بڑی شخصیات کے علاوہ بڑے سیاستدانوں کی بھی شمولیت متوقع ہے۔ زی نیوز کے مطابق داؤد ابراہیم شاید اپنے بھانجے کی شادی میں شرکت نہ کر پائیں مگر سکائپ کے ذریعے شادی کے فنکشن کو دیکھ پائیں گے اور سکائپ کے ذریعے ہی داؤد ابراہیم اپنے بھانجے کی شادی کا گواہ بنے گا اور داؤد ابراہیم پاکستان میں بیٹھ کرممبئی میں اپنے بھانجے کا نکاح لائیو دیکھے گا۔