کابل/لندن ( آئی این پی ) افغانستان اور پاکستان میں داعش کا سربراہ حافظ سعید خان امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا ، پاکستان میں افغان سفیر نے ہلاکت کی تصدیق کردی ۔برطانوی خبر رساں ادارے ’’رائٹرز‘‘ کے مطابق پاکستان اور افغانستان میں داعش کا سربراہ امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا ہے۔پاکستان میں افغان سفیر عمرزخیلوال نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگر ہار کے ضلع کوٹ میں 26 جولائی کو کیے جانے والے امریکی ڈرون حملے میں داعش خراسان کا رہنما حافظ سعید خان اپنے سینئر کمانڈروں کے ہمراہ مارا گیا ہے ۔ حافظ سعید خان پاکستانی طالبان کی شاخ کا سابق رکن تھا جس نے بعدداعش کی بیعت کر لی تھی ۔ادھر امریکی فوج کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ داعش سربراہ کی ہلاکت کی اطلاعات سے آگاہ ہیں تاہم اسکی تصدیق نہیں کی جا سکتی تحقیقات جاری ہیں ۔