پیرس(این این آئی)فرانسیسی وزیر اعظم نے حالیہ دنوں میں فرانس میں ہونے والے دہشت گردانہ جہادی حملوں کے تناظر میں ملک میں مساجد کی غیر ملکی مالی امداد پر عبوری پابندی عائد کرنے کااعلان کردیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے وزیر اعظم مانوئل فالس نے اس بارے میں اپنا بیان دیتے ہوئے اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ تعلقات کے ایک ’نئے ماڈل‘ پر زور دیا۔فرانسیسی اخبار کوانٹرویو دیتے ہوئے مانوئل فالس نے کہاکہ وہ ایک غیر معینہ مدت کے لیے فرانس کی مساجد کی غیر ملکوں سے مالی معاونت پر پابندی عائد کی جارہی ہے ۔ فالس کا کہنا تھاکہ مساجد کی تعمیر کی کسی غیر ملک کی طرف سے مالی معاونت نہیں ہونی چاہیے۔فرانس کے وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ مساجد کے اماموں کی تربیت فرانس میں ہی ہونی چاہیے کسی اور ملک میں نہیں۔ فالس کے مطابق فرانس کے وزیر داخلہ برنار کازینوا، جن کی ذمہ داریوں میں مذہبی امور کی نگرانی بھی شامل ہے، فرانس کے اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ تعلقات کے ’ایک نئے ماڈل‘ کی تشکیل پر کام کر رہے ہیں۔