اسلام آباد (آئی این پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے کو سائنس اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں تک توسیع دے دی جائے گی ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے مثبت، جامع انداز اور تسلی بخش رفتار سے آگے بڑھ رہے ہیں ۔یہ بات پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے یہاں ایک تقریب کے دوران کہی جس کا اہتمام چائنیز سدرن ایئر لائن نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان پروازیں روزانہ کی بنیاد پر جاری ہیں اور توقع ہے کہ مستقبل میں ان کی تعداد میں اضافہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے چائنیز ایئر لائن کی طرف سے اپنی پروازوں کو پاکستان تک توسیع دینے کی بھی تعریف کی اور کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے درمیان مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کے لئے ایئر لائن کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں حکومت پاکستان کی طرف سے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔